7 ستمبر 2013 - 19:30
دہشتگردی کے تدارک کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں، علامہ عارف واحدی

گجرات میں اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل ایس یو سی کا کہنا تھا کہ سانحہ ڈھوک سیداں کو ایک سال ہونیوالا ہے، قاتلوں کی عدم گرفتاری باعث تشویش ہے۔

ابنا: دہشتگردی کے تدارک کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں، علامہ عارف واحدی اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ پنجاب میں بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ پنجاب حکومت کیلئے چیلنج ہے، پنجاب حکومت دہشت گردی کے تدارک کیلئے عملی اقدامات اٹھائے، سانحہ ڈھوک سیداں کو ایک سال ہونیوالا ہے مگر ابھی قاتلوں کا سراغ نہیں لگایا جاسکا، حکومت کیوں عوام سے حقائق چھپا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز گجرات میں مذہبی رہنما پھل شاہ کے ڈیرہ پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ملک کی طرح اب پنجاب میں بھی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، دن دیہاڑے دہشت گرد اپنی مذموم کارروائیاں کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتے ہیں، مگر پولیس و دیگر ادارے ہاتھ پے ہاتھ دھرے سب اچھا کا راگ الاپتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پنجاب کی سڑکوں پر دندناتے پھر رہے ہیں جو کہ حکومت پنجاب کیلئے کھلا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے مگر اس ذمہ داری کو بطور احسن نہیں نبھایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے سانحہ ڈھوک سیداں کے قاتلوں کا سراغ نہ لگانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 19 سے زائد افراد کو شہید کر دیا گیا مگر آج ایک سال ہونے کو ہے انتظامیہ قاتلوں کو نہ تو گرفتار کرسکی اور نہ ہی ان دہشتگردوں کی نشاندہی کرسکی ہے، جو کہ پنجاب انتظامیہ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے اس موقع پر مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جلد از جلد مذکورہ بالا واقعات میں ملوث قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے اور مظلوم عوام کو انصاف دلائے۔ علاوہ ازیں علامہ عارف حسین واحدی نے مذہبی رہنما پھل شاہ کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
.......
/169